نئی دہلی،7؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ڈیجیٹل انڈیا پر زور دینے والی مرکزی حکومت نے لوک سبھا میں تسلیم کیا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں حکومت کی الگ الگ شاخوں کی 199ویب سائٹس ہیک ہوئی ہیں۔مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ ہنس راج اہیر نے لوک سبھا میں یہ تسلیم کیا کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ ساتھ کئی وزارتوں کی ویب سائٹ ہیک ہوئی ہیں ، یعنی سیدھے الفاظ میں ہر دوسرے دن ایک ویب سائٹ ہیک ہوئی ہے ۔وزارت کے اعدادوشمار کے مطابق، 2015میں 164ویب سائٹ، 2014میں 155اور 2013میں 189، یعنی گزشتہ چار سالوں میں 700ویب سائٹ ہیک کی گئی ہیں۔وزارت کا کہنا ہے کہ 8348ملزمان بھی ہیکنگ کے معاملے میں ابھی تک گرفتار ہو چکے ہیں اور ان میں سے 315کو سزا بھی دلائی جا چکی ہے۔اس سال نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی)کی ویب سائٹ بھی ہیک ہوئی تھی،حالانکہ حکومت یہ دعوی کر رہی ہے کہ اسے فورا بلاک کر دیا گیا تھا۔اس بات کو لے کر حکومت کے اندر بھی تشویش پائی جاتی ہے اور وہ کئی قانونی اور ٹیکنیکل ماہرین سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اس مسئلہ سے نمٹنے کا راستہ تلاش کیا جاسکے ۔دراصل، گزشتہ سال نوٹ بند ی کے بعد مرکزی حکومت نے اس بات پر زور دیا تھا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ڈیجیٹل ذرائع کااستعمال کریں ، ایسے میں اگر سرکاری ویب سائٹ ہیک ہو رہی ہے تو باقی نجی ویب سائٹ میں کتنی سیکورٹی ہے، اسے لے کر بحث ہو رہی ہے۔